آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ: میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ جاری
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے آج پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع، میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار مدِمقابل ہیں۔
ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے میرپور ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں ایک ہزار 107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے خبردار کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کا کہنا ہے کہ عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ امن و امان خراب کرنے یا انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔