جنوبی وزیرستان میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی بہادری اور بروقت کارروائی سے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا،ملک کے بہادر سپوت اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج، سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز آپریشن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، اہلکاروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا مقصد علاقے میں بدامنی پھیلانا اور سکیورٹی فورسز کو نقصان پہنچانا تھا، جوانوں کی بروقت کارروائی کے باعث ان کے عزائم کامیاب نہ ہو سکے۔
حکومت نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ قوم نے بھی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔