آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کے مذاکرات میں اہم پیش رفت، مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
تہران: ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظام اور محفوظ جہاز رانی کے حوالے سے عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جبکہ مختلف تکنیکی اور سیاسی امور پر دونوں ممالک کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران اور عمان کے نائب وزرائے خارجہ کے درمیان جمعہ اور ہفتہ کو تہران میں مذاکرات ہوئے، جن میں آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری نقل و حرکت، جہاز رانی کے انتظام اور دوطرفہ تعاون سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق دونوں ممالک نے اس اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کے انتظام، مشترکہ اصولوں اور عملی طریقہ کار پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا جبکہ مذاکرات کے دوران دونوں ساحلی ممالک کے خودمختار حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے احترام پر بھی اتفاقِ رائے پایا گیا۔
انہوں نے مذاکرات کو مثبت اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعدد معاملات پر قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے، کئی تکنیکی اور سیاسی نکات پر مزید مشاورت کی ضرورت ہے، جس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری رہیں گے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران اور عمان اس بات پر متفق ہیں کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی محفوظ، منظم اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جاری رہنی چاہیے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل اور قدرتی گیس کی بڑی مقدار مختلف ممالک تک پہنچائی جاتی ہے۔