کویت نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شمولیت کی خبریں مسترد کر دیں
کویت سٹی: کویت نے ان خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ کویتی حکومت نے ان الزامات کو “مکمل طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافی” قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس نے کسی بھی فوجی کارروائی میں نہ تو عملی شرکت کی اور نہ ہی اپنی سرزمین یا فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں کویت کی سفیر شیخہ الزین الصباح نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے اداریہ بورڈ کو ایک خط ارسال کیا، جس میں ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا کہ کویت نے ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
سفیر شیخہ الزین الصباح نے اپنے خط میں واضح کیا کہ کویت نے نہ اپنے لڑاکا طیارے ایران کے خلاف استعمال کیے اور نہ ہی اپنی سرزمین، فضائی حدود یا علاقائی سمندری حدود کو کسی جارحانہ فوجی کارروائی کے لیے استعمال ہونے دیا،اس حوالے سے شائع ہونے والی اطلاعات حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
کویت نیوز ایجنسی کے مطابق سفیر شیخہ الزین الصباح نے زور دیا کہ کویت کی خارجہ پالیسی علاقائی امن و استحکام، ممالک کی خودمختاری کے احترام اور تنازعات کے سفارتی حل کے اصولوں پر قائم ہے، اس لیے ایسی رپورٹس کویت کے سرکاری مؤقف کی عکاسی نہیں کرتیں۔
اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد کویت اور بحرین نے بھی ایران کے بعض اہداف پر حملوں کے لیے اپنے لڑاکا طیارے استعمال کیے تھے۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا تھا اور یہ کارروائیاں امریکا کی جانب سے ایرانی شہروں پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی تھیں۔
کویت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی علاقائی تنازع میں فریق بننے کے بجائے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔