|

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا قہر، مختلف حادثات میں 28 افراد جاں بحق، 19 زخمی

پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 6 روز سے جاری موسلا دھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ چھ روز سے جاری مون سون بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 تک پہنچ گئی، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 19 جولائی سے جاری بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات میں اب تک 19 افراد زخمی ہو چکے ہیں، حالیہ بارشوں نے کئی اضلاع میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کیے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں، جو بارشوں اور فلیش فلڈ سے ہونے والے مختلف حادثات کا شکار ہوئے۔

حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باعث 10 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، جبکہ 47 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 37 مکانات کو جزوی نقصان رپورٹ کیا گیا۔

ادارے کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال سے پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال، دیر اور ایبٹ آباد زیادہ متاثر ہوئے جبکہ مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم اور وزیرستان سمیت دیگر علاقوں سے بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *