غزہ معاہدہ کیسے نافذ ہوگا؟ 4 صفحات کی دستاویز کے اہم نکات سامنے آگئے
مقبوضہ بیت المقدس: غزہ پر مسلط اسرائیلی جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایک جامع مجوزہ منصوبہ سامنے آیا ہے جس میں سیکیورٹی، انتظامی ڈھانچے اور فوجی انخلا سے متعلق مرحلہ وار حکمت عملی تجویز کی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 4 صفحات پر مشتمل اس دستاویز میں حماس کے غیر مسلح ہونے، قابض اسرائیلی افواج کی بتدریج واپسی اور نئی فلسطینی عبوری انتظامیہ کے قیام کو ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی مرحلہ یکطرفہ طور پر مکمل نہ ہو۔
منصوبے کے مطابق ہر فریق کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، جس کے بعد ہی اگلے مرحلے پر پیش رفت ممکن ہوگی۔
امریکی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس روڈ میپ کی بنیاد ’تصدیق پہلے‘ کے اصول پر رکھی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی پیش رفت کو آزادانہ جانچ کے بعد ہی تسلیم کیا جائے گا اور کسی بھی فریق پر اندھا اعتماد نہیں کیا جائے گا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں غزہ کے چھوٹے مسلح گروہوں سے ہتھیار واپس لیے جائیں گے، جس کے بعد حماس اپنے عسکری ڈھانچے کو مرحلہ وار ختم کرے گی۔
اس عمل میں زیرزمین سرنگوں، اسلحہ کے ذخائر اور ہتھیار تیار کرنے والی تنصیبات کا خاتمہ بھی شامل ہوگا، جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہی مرحلہ سب سے زیادہ وقت طلب ثابت ہوسکتا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق تمام مراحل کی تکمیل کے بعد غزہ میں قائم ہونے والی فلسطینی عبوری اتھارٹی کو اسلحہ پر مکمل اختیار حاصل ہوگا، جبکہ ایک بین الاقوامی استحکام فورس عبوری عرصے میں امن و امان برقرار رکھنے میں معاونت کرے گی۔
دوسری جانب اسرائیل نے تاحال اس مجوزہ روڈ میپ پر کوئی باضابطہ مؤقف اختیار نہیں کیا، جس کے باعث اس منصوبے کے عملی مستقبل پر سوالات بدستور موجود ہیں۔