کے ٹو ایئرویز کے دفاتر ڈی سیل، حادثے کی تحقیقات کے لیے ریکارڈ حاصل کرلیا گیا
کراچی: بیورو آف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹیگیشن نے کے ٹو ایئرویز کے دفاتر کو ڈی سیل کرکے ایئر لائن انتظامیہ کے حوالے کردیا۔
ذرائع کے مطابق کے ٹو ایئرویز کے دفاتر کو سیل کرنے کے بعد ادارے کی جانب سے ایئر لائن سے متعلق تمام ضروری ریکارڈ حاصل کیا گیا، جس کے بعد دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، تحقیقاتی عمل کے سلسلے میں ایئر لائن کے ریکارڈ، دستاویزات اور دیگر متعلقہ معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ طیارہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ متحدہ عرب امارات سے کراچی آتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پسنی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے کے بعد امدادی اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا،طیارے کے ملبے کا اگلا حصہ تلاش کرلیا گیا ہے، تاہم حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے دیگر حصوں اور جاں بحق ہونے والے عملے کے ارکان کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔
تحقیقاتی ادارے حادثے سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ مزید معلومات ریکارڈ اور شواہد کے تجزیے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔