| |

ماسکو پر بڑے ڈرون حملے کے بعد متعدد ایئرپورٹس کے آپریشن متاثر

ماسکو: روسی دارالحکومت ماسکو اور اس کے نواحی علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملوں کے بعد شہر کے کئی اہم ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد ڈرونز کو شہر تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ابتدائی بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے شہر کی جانب بڑھنے والے 12 ڈرونز کو تباہ کر دیا، جس کے بعد ہنگامی امدادی ٹیموں کو ان مقامات پر روانہ کیا گیا جہاں ڈرونز کا ملبہ گرا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے مزید ڈرون حملوں کی اطلاعات بھی دیں۔

روسی حکام کے مطابق مجموعی طور پر کم از کم 81 ڈرونز کو ماسکو کی سمت بڑھتے ہوئے روک لیا گیا، تاہم حکام نے فوری طور پر حملوں سے ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔

ڈرون حملوں کے بعد روس کی ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات کے تحت ڈوموڈیڈوو، ونوکووو اور ژوکوفسکی ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمد اور روانگی عارضی طور پر روک دی۔

بعد ازاں حالات میں بہتری آنے پر بعض ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور فضائی دفاعی نظام کو مزید متحرک کر دیا گیا ہے۔

مبصرین کے مطابق حالیہ حملے روس اور یوکرین کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں، جس کے باعث خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *