|

سندھ میں بریسٹ فیڈنگ ویک کا آغاز، فارمولا دودھ کی تشہیر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

کراچی: حکومتِ سندھ نے عالمی ہفتۂ ماں کا دودھ کے آغاز پر شیر خوار بچوں کی بہتر صحت کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فارمولا دودھ اور بچوں کی متبادل غذاؤں کی غیر قانونی تشہیر و فروغ کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی جبکہ بچوں کے لیے محفوظ اسپتالوں کے دائرہ کار میں بھی توسیع کی جائے گی۔

صوبائی وزیرِ صحت و بہبودِ آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوزائیدہ بچوں کی صحت کا تحفظ اور شرحِ اموات میں کمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اسی مقصد کے تحت ماں کا دودھ پلانے کے فروغ سے متعلق جاری پروگراموں کو مزید مؤثر اور وسیع بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پروٹیکشن اینڈ پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ ینگ چائلڈ نیوٹریشن ایکٹ پر مکمل سختی سے عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔ 3 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے فارمولا دودھ، ماں کے دودھ کے متبادل مصنوعات اور ڈبہ بند غذاؤں کی تشہیر یا تجارتی انداز میں فروخت کے فروغ کی کسی بھی کوشش کو قانون کے مطابق روکا جائے گا۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد تجارتی مفادات کے تحت ماؤں کو غیر ضروری طور پر فارمولا دودھ استعمال کرنے پر آمادہ کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا اور ہر بچے کے قدرتی حق، یعنی ماں کے دودھ، کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تدریسی، ضلعی اور علاقائی اسپتالوں میں بچوں کے لیے محفوظ اسپتالوں کے پروگرام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے، جہاں پیدائش کے فوراً بعد نومولود کو ماں کا دودھ پلانے، ماں اور بچے کے فوری جسمانی رابطے کو یقینی بنانے اور غیر ضروری فارمولا دودھ کے استعمال سے گریز جیسے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

وزیرِ صحت کے مطابق اس مقصد کے لیے اب تک 3,000 سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کو ماں کا دودھ پلانے سے متعلق رہنمائی، دودھ پلانے کے انتظام اور زچہ کی غذائی ضروریات کے بارے میں خصوصی تربیت فراہم کی جا چکی ہے تاکہ ماؤں کو مؤثر مشاورت اور معاونت مہیا کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پیدائش کے بعد ابتدائی 6 ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلانا بچوں کو نمونیا، اسہال، غذائی قلت اور دیگر کئی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں نہایت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ بعد ازاں مناسب گھریلو غذا کے ساتھ دودھ پلانے کا سلسلہ جاری رکھنے اور حفاظتی ٹیکوں کی بروقت تکمیل سے بچوں کی صحت مند نشوونما کو مزید تقویت ملتی ہے۔

دوسری جانب یونیسیف نے بھی عالمی ہفتۂ ماں کا دودھ کے موقع پر اس بات پر زور دیا ہے کہ ماں کا دودھ پلانے کا فروغ صرف والدہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، طبی ماہرین، خاندانوں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یونیسیف سندھ کے چیف فیلڈ آفس پریم بہادر چند کے مطابق مؤثر پالیسیوں اور مضبوط معاونت کے ذریعے ہر بچے کو صحت مند زندگی کا بہترین آغاز فراہم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگست کے پورے مہینے کے دوران ملک بھر میں آگاہی مہم، کمیونٹی سرگرمیوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے خصوصی پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت اجاگر کی جا سکے اور اس قومی مہم میں تمام متعلقہ اداروں اور طبقات کو یکجا کیا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *