کھلا خشک دودھ
|

کھلا خشک دودھ بیچنے پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا

کوئٹہ: خشک دودھ کی فروخت کے حوالے سے شہریوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کھلے خشک دودھ کی فروخت، اس کے استعمال اور شہریوں خصوصاً بچوں کی صحت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کھلے خشک دودھ کی پیکنگ پر اکثر اہم معلومات موجود نہیں ہوتیں۔ ایسے دودھ کے پیکٹ یا ڈبے پر تیاری اور معیاد ختم ہونے کی تاریخ، اجزا اور دیگر ضروری تفصیلات درج نہ ہونے کے باعث صارفین کے لیے اس کے معیار کا اندازہ لگانا مشکل ہوجاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر معیاری یا غیر محفوظ دودھ کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، جبکہ بچوں کے معاملے میں اس حوالے سے مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔ اسی وجہ سے کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور دیگر افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ متعلقہ دکان کو بھی سیل کیا جاسکتا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ دودھ اور دیگر غذائی اشیا خریدتے وقت پیکنگ، معیار، تیاری کی تاریخ اور معیاد ختم ہونے کی تاریخ ضرور چیک کریں۔ غیر واضح یا کھلی حالت میں فروخت ہونے والی مصنوعات کے استعمال سے گریز کرنا شہریوں کی صحت کے لیے بہتر ہے۔

حکام کے مطابق خشک دودھ کی فروخت پر پابندی کا بنیادی مقصد غیر معیاری مصنوعات کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ غذائی اشیا کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی پر عملدرآمد کے لیے نگرانی بھی کی جائے گی۔

کوئٹہ کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی دکان پر پابندی کے باوجود کھلا خشک دودھ فروخت ہوتا نظر آئے تو متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *