| |

اسرائیل نے 60 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا

غزہ: اسرائیل نے گزشتہ روز غیر قانونی حراست میں لیے گئے سیکڑوں فلسطینیوں میں سے 60 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے حالیہ دنوں میں حراست میں لیے گئے سیکڑوں فلسطینیوں میں سے 60 افراد کو رہا کر دیا، تاہم آزادی پانے والے متعدد قیدیوں کی جسمانی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، رہائی پانے والے کئی فلسطینیوں کے جسموں پر مبینہ تشدد کے نمایاں آثار دیکھے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق رہائی کے بعد فلسطینی قیدیوں کو غزہ کے النصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ متعدد افراد کو جسمانی کمزوری، زخموں اور تشدد کے مبینہ نشانات کے باعث فوری طبی امداد فراہم کرنا پڑی۔

فلسطینی قیدیوں کے حقوق کے لیے سرگرم ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ رہا ہونے والے بیشتر افراد کی صحت متاثر تھی اور انہیں آزادی ملتے ہی علاج کی ضرورت پیش آئی۔

تنظیم نے قیدیوں کی جسمانی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔

ادھر انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں اب بھی تقریباً 9 ہزار 400 فلسطینی قید ہیں، جن میں غزہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد بھی شامل ہیں۔

تنظیموں کا کہنا ہے کہ ان قیدیوں کی حالت اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ کی ضرورت ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *