567
|

بچوں کی حفاظت میں ناکامی پر میٹا پر مزید 567 ملین ڈالر جرمانہ

واشنگٹن: امریکا کی ریاست نیو میکسیکو کی ایک عدالت نے بچوں کو لاحق آن لائن خطرات سے آگاہ کرنے میں ناکامی پر ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کو مزید 567 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے،یہ فیصلہ بچوں کی آن لائن حفاظت کے معاملے میں کمپنی کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا عدالتی حکم ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیو میکسیکو کے جج برائن بیڈشائیڈ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ میٹا ایک “عوامی نقصان” کا باعث بننے والی کمپنی بن چکی ہے، جس طرح کسی فیکٹری سے نکلنے والی آلودگی عام لوگوں کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے، اسی طرح میٹا کے پلیٹ فارمز سے پیدا ہونے والے خطرات بھی معاشرے پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ جرمانے کی رقم ایک ایسے فنڈ میں جمع کرائی جائے گی جس کا مقصد مستقبل میں بچوں کو سوشل میڈیا سے پہنچنے والے نقصانات کو کم کرنا ہوگا۔یہ فیصلہ اس کیس میں پہلے سے عائد کیے گئے 375 ملین ڈالر جرمانے کے علاوہ ہے، جس کے بعد میٹا پر مجموعی مالی بوجھ 942 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

جج برائن بیڈشائیڈ نے اپنے فیصلے میں میٹا کا موازنہ ایک ایسی فیکٹری سے کیا جس کی مصنوعات اشتہارات اور آن لائن مواد ہیں جبکہ بچوں کو پہنچنے والے نفسیاتی نقصانات اور جنسی استحصال کے خطرات کو انہوں نے اس “آلودگی” سے تشبیہ دی جسے روکنا ضروری ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ میٹا کے پلیٹ فارمز پر موجود نقصان دہ مواد اور رابطوں کے اثرات صرف آن لائن دنیا تک محدود نہیں رہتے بلکہ بچوں، خاندانوں، اسکولوں، اسپتالوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں تک وسیع اثرات مرتب کرتے ہیں۔

میٹا کے ترجمان نے عدالتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اس حکم کے خلاف اپیل کرے گی، میٹا اپنے پلیٹ فارمز پر صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے اور کمپنی نوجوانوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنے ریکارڈ پر اعتماد رکھتی ہے۔

نیو میکسیکو حکومت کے وکلا نے 2023 میں دائر مقدمے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ میٹا کو اس بات کا ذمہ دار قرار دیا جانا چاہیے کہ اس کے پلیٹ فارمز بچوں کو خطرات، جنسی مواد جنسی شکاریوں کے رابطوں تک پہنچنے کا ذریعہ بنے۔

مقدمے کے پہلے مرحلے میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ میٹا نے نیو میکسیکو کے غیر منصفانہ طریقہ کار سے متعلق قانون کی متعدد بار خلاف ورزی کی کیونکہ کمپنی کے تجزیاتی نظام اور مواد کی سفارش کرنے والے الگورتھمز نوجوان صارفین کو نقصان دہ مواد اور رابطوں کی جانب لے جاتے رہے۔

عدالت کے تازہ فیصلے کے مطابق جرمانے کی بڑی رقم، تقریباً 420 ملین ڈالر، ایسے طبی اور رویہ جاتی پروگراموں پر خرچ کی جائے گی جو میٹا کے پلیٹ فارمز سے ہونے والے نقصانات کے ازالے میں مدد فراہم کریں گے۔

اس کے علاوہ رقم کا ایک حصہ اساتذہ، طبی ماہرین اور دیگر متعلقہ افراد کی تربیت پر خرچ کیا جائے گا تاکہ بچوں پر سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور روک تھام کے اقدامات کیے جا سکیں۔

عدالت نے میٹا کو بچوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کا بھی حکم دیا ہے، جن میں 18 سال سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کو بالغ افراد کے لیے تجویز نہ کرنا، بالغ افراد کو کم عمر صارفین کو پیغام بھیجنے سے روکنا، نابالغ صارفین کے لیے عریاں مواد کے تبادلے پر پابندی اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث بالغ صارفین کے لیے سخت پالیسی نافذ کرنا شامل ہے۔

عدالت نے مزید حکم دیا کہ 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے لائک کاؤنٹ ختم کیا جائے، رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک پش نوٹیفکیشن محدود کیے جائیں، تعلیمی اوقات میں بھی غیر ضروری نوٹیفکیشن روکے جائیں جبکہ انسٹاگرام اور فیس بک کے استعمال کے لیے ماہانہ 90 گھنٹے کی حد مقرر کی جائے۔

واضح رہے کہ میٹا، جو فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور تھریڈز کی مالک کمپنی ہے، امریکا میں بچوں کی حفاظت اور رازداری سے متعلق ہزاروں مقدمات کا سامنا کر رہی ہے۔ نیو میکسیکو کے فیصلوں کے علاوہ کمپنی کو رواں سال لاس اینجلس میں بھی اسی نوعیت کے مقدمے میں قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آئندہ ہفتے کیلیفورنیا میں میٹا کے خلاف ایک اور اہم مقدمے کی سماعت شروع ہونے جا رہی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *