|

اڈیالہ جیل میں موبائل فونز کی برآمدگی، 3 قیدی اٹک جیل منتقل، 5 اہلکار معطل

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے موبائل فونز برآمد ہونے کے معاملے پر جیل انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے تین قیدیوں کو اٹک جیل منتقل کردیا جبکہ غفلت برتنے کے الزام میں پانچ جیل ملازمین کو معطل کردیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں تلاشی کے دوران مختلف قیدیوں سے موبائل فونز برآمد ہوئے۔ موبائل فونز برآمد ہونے والوں میں ٹریفک وارڈن کے قتل کیس میں سزا یافتہ قیدی راجہ رعد، محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے ملازم کے قتل کیس میں قید ملک حماد اور شازیب ولد اکرم شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فونز کی برآمدگی کے بعد تینوں قیدیوں کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں مزید قید رکھا جائے گا۔

دوسری جانب قیدیوں تک موبائل فونز کی رسائی اور جیل میں ممنوعہ اشیا کی موجودگی پر غفلت برتنے والے پانچ جیل ملازمین کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پانچ اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مزید چھان بین بھی کی جارہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ قیدیوں تک موبائل فونز کیسے پہنچے اور جیل کے اندر انہیں استعمال کرنے کی اجازت یا سہولت کس طرح میسر آئی۔

حکام کے مطابق جیل میں سکیورٹی اور تلاشی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری رہے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *