میر رضا قتل کیس: خون میں بے ہوشی کی دوا، شرٹ پر تیزاب اور گن شاٹ ریزیڈیو کے اہم شواہد
کراچی: میر رضا قتل کیس میں جامعہ کراچی میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کی کیمیکل لیبارٹری سے موصول ہونے والی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے خون میں بے ہوش کردینے والی دوا کے اثرات پائے گئے ہیں جبکہ ان کی شرٹ کے مختلف حصوں پر تیزاب، یعنی ہائیڈروکلورک ایسڈ، کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے،میر رضا کی شرٹ سے متعلق فرانزک تجزیے کی 2 مختلف رپورٹس تیار کی گئی ہیں، جنہیں تفتیشی ٹیم کو بھجوا دیا گیا ہے۔ فرانزک رپورٹس میں شرٹ پر موجود مختلف شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے، جس کے بعد کیس کی تفتیش میں مزید اہم پہلو سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ شرٹ کا پہلا فرانزک تجزیہ گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) کے حوالے سے کیا گیا۔ تجزیے کے دوران شرٹ کے اگلے حصے پر پچھلے حصے کے مقابلے میں گن شاٹ ریزیڈیو کی مقدار زیادہ پائی گئی۔
ذرائع کے مطابق فرانزک تجزیے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گولی کے جسم سے نکلنے کے مقام کا سوراخ اس سوراخ کے مقابلے میں تقریباً 6 گنا بڑا تھا جہاں سے گولی جسم میں داخل ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس مقام پر گولی لگتی ہے وہاں عموماً گن شاٹ ریزیڈیو کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے، تاہم اس شواہد کی مکمل تشریح تفتیشی اور فرانزک ماہرین کی جانب سے دیگر شواہد کے ساتھ ملا کر کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق شرٹ پر گن شاٹ ریزیڈیو کی موجودگی اور اس کی مقدار سے متعلق فرانزک رپورٹ سندھ فرانزک ڈی این اے اینڈ سیرولوجی ڈپارٹمنٹ نے تیار کی ہے۔ رپورٹ کو تفتیشی ٹیم کے حوالے کیے جانے کے بعد کیس میں موجود دیگر شواہد کے ساتھ اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق کیمیکل لیبارٹری سے موصول ہونے والی رپورٹ میں میر رضا کے خون میں بے ہوش کردینے والی دوا کے اثرات ملنا بھی اہم پیش رفت ہے۔ اس کے علاوہ شرٹ کے مختلف حصوں میں ہائیڈروکلورک ایسڈ کی موجودگی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ تفتیشی ٹیم ان شواہد کی بنیاد پر یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ کیمیکل اور دوا میر رضا تک کس صورتحال میں پہنچی اور واقعے سے ان کا کیا تعلق ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق میر رضا کے والدین اور لاش کے ڈی این اے سے متعلق رپورٹس بھی آج موصول ہونے کا امکان ہے۔ ڈی این اے رپورٹس کیس میں شناخت اور دیگر فرانزک شواہد کی تصدیق کے حوالے سے اہم قرار دی جارہی ہیں۔
تفتیشی ٹیم کی جانب سے کیمیکل تجزیے، گن شاٹ ریزیڈیو، ڈی این اے اور دیگر فرانزک شواہد کو ایک ساتھ رکھ کر واقعے کی کڑیاں ملانے کی کوشش کی جارہی ہے، فرانزک رپورٹس میں سامنے آنے والے شواہد کی حتمی قانونی اور تفتیشی اہمیت کا تعین مزید تحقیقات اور دیگر شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔
میر رضا قتل کیس میں سامنے آنے والی تازہ فرانزک تفصیلات نے واقعے کی تحقیقات کو ایک نئے مرحلے میں داخل کردیا ہے۔ خون میں بے ہوشی کی دوا کے اثرات، شرٹ پر ہائیڈروکلورک ایسڈ اور گن شاٹ ریزیڈیو کی موجودگی سمیت ڈی این اے رپورٹس اب تفتیش کے اہم نکات بن گئے ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم ان تمام شواہد کو جوڑ کر واقعے کی اصل صورتحال اور موت کے حالات کا تعین کرنے میں مصروف ہے۔