مشرق وسطیٰ میں شدید گرمی کی نئی لہر، درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے یو اے ای سمیت مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں شدید گرمی کی نئی لہر کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی اس لہر سے عراق، کویت، مشرقی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے صحرائی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ تاہم فجیرہ سمیت امارات کے بعض مشرقی اور جنوبی علاقوں میں جمعرات تک بارش کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور گرد آلود موسم کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ابوظبی کے علاقے الشوامخ میں درجہ حرارت پہلے ہی 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ کویت میں بھی درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔