ناروے جانے والے بیٹر فیوچر پاکستان کیمپ سے 15 سالہ فٹبال کھلاڑی لاپتا، تلاش شروع
اسلام آباد: ناروے میں فٹبال ٹورنامنٹ کے لیے جانے والے بیٹر فیوچر پاکستان کے کیمپ سے 15 سالہ فٹبال کھلاڑی لاپتا ہوگیا، جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دے کر تلاش کا عمل شروع کروا دیا ہے، کھلاڑی نے کیمپ انتظامیہ سے اجازت لیے بغیر کیمپ چھوڑا اور تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
بیٹر فیوچر پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ لاپتا ہونے والے کھلاڑی کے معاملے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، ابتدائی تحقیقات میں ایسے شواہد سامنے نہیں آئے جن سے زبردستی لے جائے جانے یا اغوا کا شبہ ظاہر ہو، کھلاڑی نے اپنی مرضی سے کیمپ چھوڑا۔
بیان میں کہا گیا کہ کھلاڑی کے آخری مرتبہ دیکھے جانے کے تقریباً 20 منٹ بعد ہی پولیس کو اطلاع کر دی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا اور ضروری قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں، وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور کھلاڑی کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیٹر فیوچر پاکستان کے مطابق یہ کیمپ ناروے کپ میں شرکت کے لیے قائم کیا گیا تھا، جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فٹبال کھلاڑی شامل تھے۔ ناروے کپ 25 جولائی سے یکم اگست تک ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں کھیلا گیا، جس میں دنیا بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
انتظامیہ کے مطابق کیمپ میں شریک دیگر تمام پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز بحفاظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ لاپتا کھلاڑی کی تلاش کے لیے ناروے میں متعلقہ اداروں سے رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے،فٹبال سے وابستہ حلقوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑی جلد بحفاظت واپس مل جائے گا۔
انتظامیہ نے اس معاملے پر مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی کھلاڑی سے متعلق کوئی نئی پیش رفت سامنے آئے گی، اس سے آگاہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس کی جانب سے بھی تلاش اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔