چیئرمین ایف بی آر کا تاجروں کو ٹیکس ریفنڈز جلد جاری کرنے کا اعلان
کراچی: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کاروباری برادری کو یقین دلایا ہے کہ زیر التوا ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تاجروں کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر چیئرمین ایف بی آر نے کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس دوران کاروباری برادری کو درپیش مسائل، ٹیکس نظام اور مختلف انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت پیدا کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جائز ٹیکس ریفنڈز جلد از جلد ادا کیے جائیں گے تاکہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو مالی دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین ایف بی آر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے کاروباری اداروں کو غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ، شفاف اور یکساں رویہ اختیار کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
ملاقاتوں کے دوران کاروباری نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف مسائل پر چیئرمین ایف بی آر نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
علاوہ ازیں ایف بی آر اور کاروباری برادری کے درمیان مستقل رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مسائل کے بروقت حل کے لیے ایف بی آر اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹیاں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اور پی بی سی نے وزیراعظم کے اقدام اور چیئرمین ایف بی آر کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔