پاکستان ہاکی ٹیم ایشین گیمز سے قبل جنوبی کوریا میں بین الاقوامی سیریز کھیلے گی
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کی جانب سے موصول ہونے والی باضابطہ دعوت قبول کر لی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس فیصلے کے تحت قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز سے قبل جنوبی کوریا کا دورہ کرے گی، جہاں وہ بین الاقوامی میچوں اور تربیتی سیشنز میں حصہ لے کر اپنی تیاریوں کو مزید مضبوط بنائے گی۔
فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم 8 سے 15 ستمبر 2026 تک جنوبی کوریا میں قیام کرے گی۔ اس دوران میزبان ٹیم کے خلاف میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جبکہ خصوصی ٹریننگ سیشنز بھی منعقد ہوں گے۔
مزید یہ کہ یہ دورہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ اور ایشین گیمز کے درمیانی وقفے میں رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑی بہترین مقابلہ جاتی ماحول حاصل کر سکیں۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا ایشیا کی مضبوط ہاکی ٹیموں میں شمار ہوتا ہے۔ اسی لیے اس سیریز سے پاکستانی کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی میچ پریکٹس ملے گی، جو ایشین گیمز میں بہتر کارکردگی کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سیریز کا مکمل شیڈول اور دیگر انتظامات جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مشاورت کے بعد جلد جاری کیے جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اس دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کا یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میچز قومی ٹیم کو اپنی فارم برقرار رکھنے اور عالمی معیار کا تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔
پی ایچ ایف نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ٹیم کو بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ فیڈریشن کے مطابق جدید تربیت، معیاری میچ پریکٹس اور مضبوط تیاریوں کے ذریعے ٹیم کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پاکستان کی نمائندگی کے قابل بنایا جائے گا۔