پاپڑ کے پیکٹ میں ملنے والی پلاسٹک کی گیند نگلنے سے 5 سالہ بچہ جاں بحق
میسور: بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع میسور میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران پاپڑ کے پیکٹ میں موجود پلاسٹک کی چھوٹی گیند گلے میں پھنسنے سے 5 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کرناٹک کے گاؤں گوری پورا میں پیش آیا، جہاں بچے نے پاپڑ کے پیکٹ میں بطور مفت تحفہ رکھی گئی پلاسٹک کی گیند کھیلتے ہوئے منہ میں ڈال لی جو حادثاتی طور پر نگلنے کے بعد اس کے گلے میں پھنس گئی۔
اہل خانہ نے بچے کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود بچے کی جان نہ بچائی جا سکی۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والا بچہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا، جس کے باعث اہل خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ پلاسٹک کی گیند پاپڑ کے پیکٹ میں پروموشنل تحفے کے طور پر شامل کی گئی تھی، بچے نے کھیلتے ہوئے اسے منہ میں ڈالا اور وہ نگل لی۔
حکام کے مطابق واقعے کے حوالے سے تاحال اہل خانہ کی جانب سے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی، پولیس خاندان سے رابطے میں ہے اور شکایت موصول ہونے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔