|

پیپلز پارٹی نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر مظفر آباد میں ہنگامہ کیا، رانا ثنا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے،پیپلز پارٹی نے ایک کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر مظفر آباد کے ایک چوک پر ہنگامہ کیا جبکہ پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ بھی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کی ہلاکت کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے باعث ٹرن آؤٹ متاثر ہوا اور مسلم لیگ (ن) کو سٹی کی نشست سے محروم ہونا پڑا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے گی اور نواز شریف کی جانب سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستیں حاصل کیں جبکہ پیپلز پارٹی صرف 3 نشستیں جیت سکی،ن لیگ نے مظفر آباد کی 4 نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 12 مہاجر نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کو مہاجرین کی 2 نشستیں ملیں، کشمیری عوام نے نواز شریف کے وژن پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں، آزاد کشمیر میں جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بننے جا رہی ہے۔

رانا ثنا نے چودھری لطیف اکبر کے حوالے سے بھی الزام عائد کیا کہ قاتلانہ حملے کا ڈرامہ کیا گیا مکے اور گالیوں کے واقعے کو حملہ قرار دیا گیا جبکہ میڈیکل کروانے سے بھی انکار کیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *