عوام کی حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم کریں گے جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، جو بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ اس صوبے کے باہمت، ثابت قدم اور محب وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔