|

مسلسل پانچویں روز بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یومیہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کے نظام کے تحت مسلسل پانچویں روز بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جس کے بعد پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں مزید مہنگے ہو گئے۔

وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 25 جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں ردوبدل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے مجوزہ طریقۂ کار اور عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت بڑھ کر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

یہ حالیہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت گزشتہ کئی روز سے مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی ہے۔ اس سے ایک روز قبل بھی پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین یومیہ بنیادوں پر کرنے کا نظام نافذ کیا ہے، جس کے تحت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ نئی قیمتوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *