وزیراعظم کو شوگرباؤل، قیمتی قلم ، مسجد نبویﷺ کا ماڈل اور ٹائی بطور تحفہ ملی، توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری
اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے اپریل سے جون 2026 تک کے توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری کر دیا، جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت مختلف اعلیٰ حکومتی شخصیات کو مجموعی طور پر 21 قیمتی تحائف موصول ہوئے۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو شوگر باؤل، قیمتی قلم، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، شیلڈ، ٹائی، چینی خلائی اسٹیشن کا ماڈل، ایک کپ، گھڑی اور ایک اور شیلڈ بطور تحفہ دی گئی۔
اسی طرح نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو چمڑے سے تیار کردہ چینی بیلٹ، مصری مجسمے کا ماڈل اور کف لنکس تحفے میں ملے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے انہیں موصول ہونے والے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں، جبکہ ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔