| |

غزہ امن معاہدے پر پیشرفت؛ وزیراعظم کا خیرمقدم، فلسطینی ریاست کیلیے اُمید قرار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں امن کے لیے پیش کیے گئے معاہدے کے مسودے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی جانب ایک مؤثر قدم ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا گیا تو خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطوں  کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں اس سفارتی عمل میں کردار ادا کرنے والے امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کی مشترکہ ثالثی نے مذاکرات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت ایک قابلِ ذکر پیش رفت سامنے آئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو توقع ہے کہ غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر عملی پیش رفت ہوگی اور تمام فریق اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ عمل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک واضح سیاسی روڈ میپ کی بنیاد بن سکتا ہے، جس سے فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق ملنے کی امید پیدا ہوگی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم کے مطابق 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا پائیدار حل ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے متعلق ایک معاہدے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد حماس نے بھی ہتھیاروں اور اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا سے متعلق پیش رفت کی تصدیق کی۔

حماس نے ثالث ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاہدے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *