پٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا، منعم ظفر کی عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جس کے دوران ملک بھر کی 510 اہم شاہراہوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند ہوں گی، ایمبولینسز کو بلا تعطل گزرنے دیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے متعدد بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج شام 4 بجے شہر کی مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے۔ شاہراہِ پاکستان، حب روڈ، نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے، اورنگی، کورنگی، پاکستان چوک اور شیر شاہ سے نکلنے والے تمام قافلے مزارِ قائد پر جمع ہوں گے۔
منعم ظفر خان کے مطابق مزارِ قائد پر اجتماع کے بعد ایک بڑا احتجاجی کارواں شارع فیصل کی جانب روانہ ہوگا، جہاں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا، پٹرولیم لیوی واپس لیے جانے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی اور جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ اگر عوام اپنی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کریں تو اپنے مطالبات منوا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 کروڑ پاکستانی متحد ہو جائیں تو اپنے حقوق حاصل کرنا مشکل نہیں، عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور آج ہونے والے احتجاج میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔