پی ٹی آئی قیادت مال روڈ واقعے سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت راولپنڈی مال روڈ فائرنگ واقعے سے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی، واقعے میں ہلاک ہونے والا ملزم خیبر پختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور پی ٹی آئی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرتا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی مال روڈ پر گزشتہ روز افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے کارکن نے بلاخوف فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بارہا کہا گیا کہ نفرت، انتشار اور تشدد کی سیاست سے گریز کیا جائے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار نہ بھرا جائے، اسی طرز سیاست کے نتیجے میں 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات پیش آئے اور گزشتہ روز کا واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ ملزم کا پارٹی کارکنوں یا قیادت سے کوئی تعلق نہیں تھا یا اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ اگر ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا تو اس نے اپنے گھر والوں یا اپنی جماعت کے کسی رہنما پر حملہ کیوں نہیں کیا؟ جس سکیورٹی اہلکار کو نشانہ بنایا گیا، وہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں تھا۔
وزیر مملکت کے مطابق مذکورہ کارکن خیبر پختونخوا ہاؤس میں قیام کرتا رہا اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں بھی کرتا رہا، ملزم نے پارٹی کا جھنڈا بھی اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا جبکہ سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن میں اسے فورسز پر حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایسے شخص کو مظاہروں میں فرنٹ لائن پر کیوں رکھا جاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کو سیاست قرار نہیں دیا جاسکتا، خیبر پختونخوا میں 17 سال سے حکومت کرنے والی جماعت کو بتانا چاہیے کہ اس نے صوبے کے عوام کو کیا دیا، جلاؤ گھیراؤ سے نہ پارٹی کی خدمت ہورہی ہے اور نہ صوبے کی۔
طلال چوہدری نے الزام عائد کیا کہ 27 ستمبر کو بھی اسی طرح کا کھیل کھیلا جائے گا اور جب کارکنوں کے ذہنوں میں نفرت اور تشدد کا رجحان پیدا کیا جائے گا تو ایسے واقعات دوبارہ ہوسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے بیانات اور تقاریر کے ذریعے عوام کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پیدا کیا جاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ شہید ہونے والے اہلکاروں کے مجسموں تک کو نہیں چھوڑا گیا جبکہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹس میں شہدا کی تضحیک کی جاتی ہے، راولپنڈی واقعے کی تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں اور شفاف تحقیقات کی جارہی ہیں، جن کے نتائج بھی سامنے لائے جائیں گے،پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا اور اگر کسی جانب سے ایسا حملہ کیا گیا تو ریاست حملہ آور کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔