|

گوجرانوالہ میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری، گزشتہ روز مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق

گوجرانوالہ میں مسلسل دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہر کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور شہریوں کو آمدورفت سمیت روزمرہ معمولات میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مسلسل بارش کے نتیجے میں مختلف شاہراہوں اور گلی محلوں میں پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بالخصوص میٹرو منصوبے کے باعث جی ٹی روڈ پر پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے گاڑیوں کی آمدورفت سست روی کا شکار ہے، جبکہ کئی مقامات پر طویل ٹریفک جام بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

دوسری جانب واسا کی جانب سے شہر کے مختلف حصوں میں کی جانے والی کھدائیوں نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ بارش کے باعث ان مقامات پر کیچڑ اور پانی جمع ہونے سے شہریوں کو پیدل چلنے اور گاڑیاں گزارنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد شہروں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *