پیپلز پارٹی شکست کو دھاندلی کے بیانیے سے چھپانے کی کوشش کررہی ہے، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی شکست کو دھاندلی کے بیانیے سے چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسلام آباد میں امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت نہیں دیے، توقع ہے پیپلز پارٹی والے آج الٹی گنتی کو سیدھا کردیں گے اور مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد دیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا دھرنے دینے والے آزاد کشمیر کا الیکشن روکنا چاہتے تھے جو نہیں روک سکے، امید ہے دھرنے والی قوتیں اب حقائق کا ادراک کرتے ہوئے دھرنا ختم کریں گی، حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر نظر ثانی کرے گی، ہتھیار اٹھانے اور دشمن کا آلہ کار بننے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی شروع ہو جائے گی۔