سندھ کو مزید صوبوں میں تقسیم نہیں کیا جاسکتا، مراد علی شاہ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کو مزید صوبوں میں تقسیم نہیں کیا جاسکتا، صوبائی اسمبلی سندھ کی تقسیم کے خلاف کئی متفقہ قراردادیں منظور کرچکی ہے اور صوبائی حکومت صوبے کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔
مائننگ ٹیکنیکل کانفرنس 2026 میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئینِ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کا واضح طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت کسی نئے صوبے کے قیام کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے قرارداد کی منظوری لازمی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ سندھ کی تقسیم کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کرچکی ہے۔ اگر مستقبل میں اس مؤقف میں کوئی تبدیلی آتی ہے، جو فی الحال نظر نہیں آرہی، تو اس وقت اس معاملے پر بات کی جاسکتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر کسی قسم کی کشیدگی یا تصادم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “صوبوں کی تقسیم پر لاشیں نہیں گرنے دیں گے” اور سندھ کو مزید صوبوں میں تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے اور حکومت اس اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے صوبے کے مفادات اور وحدت کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی تقسیم سے متعلق کوئی بھی فیصلہ آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ہی ممکن ہے اور اس حوالے سے صوبائی اسمبلی کی منظوری بنیادی آئینی تقاضا ہے۔