روزانہ 1300 بچے غذائی کمی سے جاں بحق ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر صحت
کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں روزانہ تقریباً 1300 بچے غذائی کمی کے باعث جاں بحق ہو رہے ہیں۔
پاک فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم سے وابستہ کمپنیاں ترقی کر رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال فارما انڈسٹری کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون کے بغیر کسی بھی شعبے میں ترقی ممکن نہیں، وزیراعظم اور حکومت فارما انڈسٹری کے ساتھ کھڑے ہیں اور کمپنیوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) اب تک 85 فیصد ڈیجیٹل ہوچکا ہے، جس سے ڈریپ سمیت دیگر متعلقہ اداروں میں کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی، 9 اکتوبر کو پاکستان میں نیا نظام متعارف کرایا جائے گا اور ادویات کے معیار اور فراہمی پر چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا، ملک کی تقریباً 25 کروڑ آبادی کے لیے صرف 22 ڈرگ انسپکٹر کام کر رہے ہیں، جو ایک بڑا چیلنج ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قیام پاکستان کے وقت ملک کی آبادی تقریباً ساڑھے تین کروڑ تھی اور چار صوبے تھے جبکہ آج آبادی ساڑھے 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے لیکن صوبوں کی تعداد اب بھی چار ہے، نئے صوبوں کے قیام سے ملک تقسیم نہیں بلکہ مزید مضبوط ہوگا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کو جاتا ہے، کچھ انتشار پسند عناصر سوچی سمجھی سازش کے تحت فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے اپنے سے چھ گنا بڑی فوج کو شکست سے دوچار کیا۔