کے پی پولیس کی استعداد کار میں اضافہ، بلٹ پروف اور جدید گاڑیاں دیدی گئیں
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے جدید گاڑیاں، آلات اور بلٹ پروف اے پی سیز مختلف اضلاع کے حوالے کردی گئیں۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق جدید ڈریگون اے پی سیز ٹانک، ہنگو اور سوات پولیس کو فراہم کی گئی ہیں، جبکہ دیگر اے پی سیز اپر دیر اور مانسہرہ پولیس کے حوالے کی گئی ہیں۔ کوہاٹ اور تورغر پولیس کو بھی جدید گاڑیاں دی گئی ہیں۔
مردان، سوات، کوہاٹ اور بنوں پولیس کو ہائی ایس وینز فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور ٹیلی کمیونیکیشن یونٹ کو بھی ہائی ایس وینز دی گئی ہیں۔ مختلف اضلاع اور یونٹس میں 33 لفٹرز اور 25 موٹر سائیکلیں بھی تقسیم کی گئی ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق لفٹرز ٹریفک مینجمنٹ اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کے پی پولیس کی 84 اے پی سیز کی اپ گریڈیشن جاری ہے، جنہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس موبائلز کی سائیڈ آرمینگ بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید گاڑیوں، اے پی سیز اور پک اپ گاڑیوں کی فراہمی سے پولیس کی آپریشنل استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ امن و امان کے قیام اور عوام کو بروقت و معیاری پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے پولیس کو جدید آلات اور سہولیات سے لیس کیا جا رہا ہے۔