سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور انکی اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی خاندان اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں بتایا گیا ہے کہ تازہ دھمکی آمیز خط پیر کے روز بنگال کرکٹ کے صدر کے دفتر میں موصول ہوا۔
رپورٹس کے مطابق خط مکمل طور پر انگریزی زبان میں تحریر کیا گیا تھا، جس میں سارو گنگولی اور ان کے اہل خانہ کو ’ختم‘ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے گنگولی خاندان کو اس نوعیت کے خطوط موصول ہورہے تھے۔ ابتدا میں انہیں حد سے زیادہ پرجوش مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے خطوط سمجھ کر نظر انداز کیا گیا، تاہم حالیہ خط میں استعمال کی گئی جارحانہ زبان اور مسلسل دھمکیوں کے باعث خاندان نے معاملہ پولیس تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔
سارو گنگولی کے خاندان کی جانب سے مقامی پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کرادی گئی ہے، جبکہ ریاستی حکومت کے سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔
شکایت کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے سارو گنگولی کے خلاف نازیبا اور قابل اعتراض ریمارکس پر مشتمل خطوط موصول ہوتے رہے۔ تاہم ابتدائی طور پر خاندان نے اسے ذاتی رنجش یا گنگولی کو ناپسند کرنے والے کسی فرد کی کارروائی سمجھا۔
حالیہ دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر پولیس سے باقاعدہ تحقیقات اور سکیورٹی اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔