کراچی کے ڈی جے کالج پر قبضہ کی کوشش: اسلامی جمعیت طلبہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی: ڈی جے سائنس کالج کے اسپورٹس کمپلیکس کو دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے حوالے کیے جانے کی اطلاعات پر طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈی جے کالج شہاب خان نے بتایا کہ تقریباً دو سال قبل بھی ڈی جے کالج کو ایک دوسرے تعلیمی ادارے کے استعمال میں دینے کی تجویز سامنے آئی تھی، تاہم طلبہ کے احتجاج کے باعث اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ڈی جے اسپورٹس کمپلیکس کے حوالے سے بھی ایسے اقدامات کی کوشش کی گئی، جنہیں طلبہ نے ناکام بنایا۔
جمعیت کے ناظم ڈی جے کالج شہاب خان نے کہا کہ اب ایک مرتبہ پھر بلڈنگ کے معاملے کو دوبارہ زیر غور لایا گیا ہے اور اسے ایک دوسرے سرکاری کالج کے شعبے کے لیے مختص کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی ڈی جے کالج کے اسپورٹس کمپلیکس کو بھی دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں رات کے وقت منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں مختلف سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایت دی گئی کہ آئندہ چند روز میں ڈی جے کالج کے اسپورٹس کمپلیکس کو متعلقہ اداروں کے حوالے کرنے کے انتظامات مکمل کیے جائیں۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے حکومتِ سندھ اور محکمۂ کالجز سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے تادیبی کارروائی کی جائے ۔