سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے
مکہ: سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے۔
سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس مکہ کے الصفہ پیلس میں منعقد ہوا، جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران تینوں ممالک نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جسے “مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ” کا نام دیا گیا ہے۔ معاہدے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دستخط کیے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز پاکستانی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے تھے، جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان آج مکہ پہنچے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھی ایک دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کو دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔