|

اٹلی میں شدید گرمی: 27 شہروں میں ریڈ ہیٹ الرٹ، اموات کا خدشہ

روم: اٹلی میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، ملک کے 27 شہروں میں انتہائی درجے کا ہیٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،اموات کا خدشہ ظاہر کردیاگیا۔

اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز 25 شہروں کو ریڈ ہیٹ الرٹ میں رکھا گیا، جبکہ  کل جمعرات کو یہ تعداد بڑھ کر 27 ہو جائے گی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ ملک میں جھلسا دینے والی گرمی کے باعث کئی اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شدید گرمی سے ممکنہ طور پر تین مزید اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایک 40 سالہ بڑھئی چھت پر کام کے دوران طبیعت خراب ہونے سے جان کی بازی ہار گیا جبکہ 55 سالہ سیکیورٹی گارڈ گاڑی میں بیٹھے ہوئے طبی ایمرجنسی کا شکار ہوا۔ اس کے علاوہ 90 سالہ خاتون بھی باغ میں موجودگی کے دوران دم توڑ گئیں۔

حکام کو خدشہ ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث خشک سالی اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پانی زیادہ پینے اور بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *