سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوگا، صوبائی وزیر کا خالد مقبول کے بیان پرردعمل
کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کبھی نہیں ہوگی، کچھ لوگ وقتاً فوقتاً ایسے شوشے چھوڑتے رہتے ہیں لیکن حکومت انہیں سنجیدہ نہیں لیتی، سندھ ایک وحدت ہے اور اسے تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔
منور چورنگی انڈر پاس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام پیپلز پارٹی نے کیے ہیں،بعض حلقوں کی جانب سے کراچی کے حوالے سے منفی تاثر دیا جاتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ شہر میں متعدد بڑے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں بے شمار انڈر پاسز، پل اور دیگر ترقیاتی منصوبے تعمیر کیے گئے ہیں،ماضی میں کراچی کے مختلف میدانوں پر قائم کیے گئے شادی ہالز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عوامی مقامات کی بحالی کے لیے اقدامات کیے۔
وزیرِ بلدیات سندھ نے کہا کہ بعض لوگ کراچی کو بدترین شہروں میں شمار کرنے کی بات کرتے ہیں، لیکن اگر شہر واقعی رہنے کے قابل نہ ہوتا تو لوگ یہاں آ کر آباد نہ ہوتے،کراچی منی پاکستان ہے جہاں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں اور کسی کو بھی یہاں آنے اور بسنے سے روکا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے میئر کراچی، ٹاؤن چیئرمینز اور دیگر متعلقہ ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔ بعض علاقوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی شکایات موصول ہوتی ہیں، تاہم جہاں سے شکایات آتی ہیں وہاں فوری کارروائی کی جاتی ہے۔
سندھ کی تقسیم سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچھ عناصر صرف سیاسی شوشے چھوڑتے ہیں، جنہیں حکومت سنجیدگی سے نہیں لیتی، سندھ کی تقسیم کا کوئی امکان نہیں اور حکومت اپنی توجہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں پر مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔