اسپین کی فیفا ورلڈکپ میں فتح: آفیشل فوٹو سے ٹرمپ غائب، نئی بحث شروع
فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے والی اسپینش ٹیم کی سرکاری فتح کی تصویر سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق تصویر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عدم موجودگی نے نئی بحث چھیڑ دی، جبکہ صارفین اس بارے میں مختلف قیاس آرائیاں اور تبصرے کر رہے ہیں۔
اسپین نے 19 جولائی کو کھیلے گئے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انعامات کی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ کھلاڑیوں کو تمغے پہنائے اور کپتان روڈری کو ورلڈ کپ ٹرافی پیش کی۔
تقریب کے دوران یادگاری تصویر بناتے وقت ٹرمپ ابتدا میں ٹیم کے ساتھ پوڈیم پر موجود تھے، تاہم ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا کہ جیانی انفانٹینو نے انہیں ایک طرف ہونے کا اشارہ کیا تاکہ فاتح ٹیم اجتماعی تصویر بنوا سکے۔
اس کے بعد اسپینش فٹبال فیڈریشن نے “Dreams come true” کے عنوان سے آفیشل تصویر جاری کی۔
تصویر منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ اس میں ٹرمپ کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ اس پر بعض افراد نے دعویٰ کیا کہ تصویر کو ایڈٹ یا کراپ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر نے اسے معمول کا عمل قرار دیا۔
متعدد صارفین نے طنزیہ اور دلچسپ تبصرے بھی کیے، جبکہ کئی افراد نے کہا کہ اس تاریخی لمحے میں تمام توجہ صرف ورلڈ کپ جیتنے والی اسپینش ٹیم پر مرکوز رہنی چاہیے۔