سعودی عرب کے ورک ویزے کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں !
گوجرہ: سعودی عرب ورک ویزا فراڈ کے ایک بڑے مقدمے میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق سعودی عرب ورک ویزا فراڈ میں گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت افضل ندیم کے نام سے ہوئی ہے، جس نے اپنے ساتھی جاوید اقبال کے ساتھ مل کر متعدد افراد کو سعودی عرب میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے 18 سادہ لوح شہریوں سے فی کس تقریباً 5 لاکھ روپے وصول کیے، جس کے بعد مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے سے زائد رقم بٹوری گئی۔ تاہم متاثرہ افراد کو نہ ورک ویزا فراہم کیا گیا اور نہ ہی ان کی رقوم واپس کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہریوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے ٹال مٹول کا شکار رکھا گیا، جبکہ وعدوں کے باوجود سعودی عرب بھیجنے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مفرور ملزم جاوید اقبال کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے بیرون ملک روزگار کے خواہشمند افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز اور مستند ذرائع سے ہی ویزا اور ملازمت کے معاملات طے کریں۔ کسی بھی فرد یا ادارے کو بھاری رقم ادا کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت کی مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ دھوکا دہی سے بچا جا سکے۔