بھارت کے تعلیمی نظام پر آر ایس ایس قابض ہے، راہول گاندھی کی نوجوانوں پر پولیس تشدد کی مذمت
کانگریس کے رہنما اور بھارت میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے نئی دہلی میں طلبہ اور کارکنوں پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ہندو قوم پرست تنظیم آر ایس ایس نے بھارت کے تعلیمی نظام پر اثر و رسوخ قائم کر رکھا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں راہول گاندھی نے کہا کہ بھارت کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، تاہم ان کے بقول نریندر مودی ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ نوجوان مخالف وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں ہزاروں طلبہ اور طالبات اپنے بہتر مستقبل اور تعلیم سے متعلق جائز مطالبات کے لیے جمع ہوئے تھے۔ راہول گاندھی کے مطابق بھارت کا تعلیمی نظام شدید مسائل کا شکار ہے، جبکہ آر ایس ایس نے اس نظام پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
راہول گاندھی نے پولیس کی جانب سے مظاہرین پر مبینہ طاقت کے استعمال کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا۔