دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی پر حادثہ: نرمل پرجا سمیت 10 کوہ پیما جان سے گئے
اسکردو: براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے کوہ پیما نرمل پرجا سمیت 10 کوہ پیما جان کی بازی ہار گئے
تفصیلات کے مطابق دنیاکی بلند ترین 14 چوٹیوں کو ریکارڈ مدت میں سر کرنے والے معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا پاکستان میں براڈ پیک پر مہم کے دوران برفانی تودہ گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔کوہ پیما نرمل پرجا کی مہم کا انتظام کرنے والی کمپنی ’ ایلیٹ ایکسپیڈ‘ نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے ۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نرمل “نِمزدائی” پرجا براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مہم میں شامل دیگر ارکان بھی حادثے میں زندہ نہ بچ سکے۔43 سالہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھ نو دیگر کوہ پیما جمعرات سے لاپتا تھے، جب گلگت بلتستان میں واقع 8 ہزار 51 میٹر بلند براڈ پیک پر اچانک برفانی تودہ آ گرا۔
براڈ پیک دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے اور اسے تکنیکی اعتبار سے انتہائی دشوار چوٹیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔حادثے کا شکار ہونے والے 10 رکنی گروپ میں چھ کوہ پیما نیپال سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ دیگر ارکان پاکستان، عمان، امریکہ اور چین کے شہری تھے۔