بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز، 12 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک دہشتگرد ٹھکانے کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ پاک فوج نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ایسے آپریشن بلا تعطل جاری رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں 5 اور 6 اگست کو بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں کی گئیں، جو جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر ہونے والے آپریشنز کا حصہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کو دہشتگردوں کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بنیاد کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں سے آمنا سامنا ہوا، جہاں دونوں جانب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مؤثر کارروائی کے نتیجے میں مزید 6 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ان کا ایک اہم ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کارروائیاں “ردالفتنہ 3” کے تحت جاری انٹیلی جنس بنیاد آپریشنز کا حصہ تھیں، جن کا مقصد دہشتگرد عناصر کا سراغ لگا کر انہیں مؤثر انداز میں نشانہ بنانا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ “عزم استحکام” مہم کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل صفایا ہونے تک یہ سلسلہ بلا رکاوٹ جاری رہے گا۔