|

تیل،تلواراورتدبر:خلیج کی بدلتی بساط پرپاکستان

(گزشتہ سے پیوستہ)
عصرِ حاضر میں قومی سلامتی کاتصور صرف عسکری قوت تک محدودنہیں رہابلکہ معاشی استحکام،توانائی کاتحفظ اوروسائل کی دستیابی بھی دفاعی حکمتِ عملی کالازمی حصہ بن چکے ہیں۔ پاکستان کے لئے دفاعی معاہدے محض سیکورٹی تعاون کاذریعہ نہیں بلکہ معاشی استحکام اورقومی خودمختاری کے تحفظ کا وسیلہ بھی ہیں۔کویت کے ساتھ ممکنہ تعاون اسی وسیع ترتناظرمیں دیکھا جاسکتاہے، جہاں دفاعی شراکت داری کے ساتھ توانائی کے تحفظ کوبھی بنیادی اہمیت حاصل ہے۔پاکستان کودرپیش توانائی کے مسائل اس کی معیشت اورقومی سلامتی دونوں پراثر انداز ہوتے ہیں، کیونکہ تیل،ایندھن اورتوانائی کے مستقل ذرائع کسی بھی ریاست کی صنعتی ترقی، معاشی رفتاراوردفاعی صلاحیت سے براہِ راست جڑے ہوتے ہیں۔کویت جیسے توانائی سے مالا مال ملک کے ساتھ تعاون پاکستان کونہ صرف توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدددے سکتاہے بلکہ طویل المدتی اقتصادی منصوبہ بندی کے لئے ھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرسکتاہے۔
جغرافیائی سیاست میں توانائی ہمیشہ سیطاقت کاایک اہم ذریعہ رہی ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ جن ریاستوں نے توانائی کے وسائل کوبہتر حکمتِ عملی کے ساتھ منظم کیا،انہوں نے اپنی سیاسی اورمعاشی خودمختاری کوبھی مضبوط بنایا۔پاکستان کے لئے توانائی کے شعبے میں شراکت داری دراصل معاشی ضرورت کے ساتھ ساتھ ایک تزویراتی قدم بھی ہے،کیونکہ ایک مستحکم معیشت ہی مضبوط دفاعی نظام کو سہارادے سکتی ہے۔ اسلامی فکرمیں بھی معیشت اوردفاع کوایک دوسرے سے جدانہیں سمجھاجاتا۔ ریاست کی قوت کادارومدارصرف اسلحے کے ذخائر پر نہیں بلکہ اس کے معاشی وسائل،عوامی خوشحالی اورخودکفالت پربھی ہوتاہے۔ اسی مفہوم میں رزق اوررزم ایک دوسرے کے معاون بن جاتے ہیں، رزق ریاست کواستحکام دیتا ہے اوررزم اس استحکام کے تحفظ کاذریعہ بنتاہے چنانچہ کویت کے ساتھ توانائی اور دفاعی تعاون کومحض ایک دوطرفہ معاہدے کے طورپرنہیں بلکہ پاکستان کی وسیع ترقومی حکمتِ عملی کے ایک حصے کے طورپر دیکھنا چاہیے،جہاں معاشی بقاء ،توانائی کاتحفظ اور دفاعی خودمختاری ایک دوسرے سے مربوط ہوکر قومی طاقت کی بنیادتشکیل دیتے ہیں۔
کویت کی جانب سے ایندھن کے مشترکہ ذخیرہ کی تجویزپاکستان اورکویت کے درمیان اقتصادی وتزویراتی تعاون میں ایک اہم پیش رفت قراردی جاسکتی ہے۔یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان موجودہ ڈیزل سپلائی کے معاہدے کومزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لئے توانائی کے تحفظ کی ایک نئی راہ بھی ہموا ر کر سکتا ہے۔ایسے وقت میں جب توانائی کی ضروریات قومی معیشت،صنعتی ترقی اور دفاعی صلاحیت سے براہِ راست وابستہ ہوچکی ہیں،ایندھن کے محفوظ ذخائرکسی بھی ریاست کے لئے محض تجارتی سہولت نہیں بلکہ قومی سلامتی کاایک اہم ستون بن جاتے ہیں۔اس نوعیت کاتعاون پاکستان کوتوانائی کے میدان میں زیادہ استحکام اورمنصوبہ بندی کی صلاحیت فراہم کر سکتا ہے ، خصوصاًاگراسے سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر کی ترقی اورطویل المدتی اقتصادی حکمتِ عملی کے ساتھ مربوط کیاجائے۔تاہم ہرتزویراتی شراکت داری کی طرح اس کے ساتھ بھی احتیاط کا تقاضا موجود ہے، کیونکہ کسی ایک بیرونی ذریعے پرحدسے زیادہ انحصارمستقبل میں پالیسی سازی کی آزادی کو محدود کر سکتا ہے۔
اسلامی عسکری اورسیاسی فکرمیں خودکفالت، تدبراوروسائل کے متوازن استعمال کوبنیادی اہمیت حاصل ہے۔تاریخ یہ سبق دیتی ہے کہ طاقت کا حصول اسی وقت پائیدارثابت ہوتا ہے جب وہ داخلی استحکام اور خودانحصاری کی بنیادپرقائم ہو۔محض بیرونی تعاون پر انحصار کسی بھی ریاست کووقتی سہارا تودے سکتاہے، مگردیرپا قوت کے لئے ضروری ہے کہ اپنی داخلی صلاحیتوں کوبھی مضبوط بنایا جائے ۔
لہذاپاکستان کے لئے کویت کے ساتھ توانائی ذخیرہ اوردفاعی تعاون کاراستہ امکانات سے بھرپور ضرور ہے،مگراس کامیابی کاانحصاراس بات پرہوگا کہ اسلام آباد شراکت داری اورخود مختاری کے درمیان ایک متوازن راستہ اختیارکرے ۔ اصل دانشمندی یہی ہے کہ بیرونی تعاون کوقومی طاقت میں اضافے کاذریعہ بنایاجائے،نہ کہ کسی نئے انحصارکا سبب۔ یوں توانائی کایہ منصوبہ محض ایندھن کے ذخیرے کامعاملہ نہیں بلکہ قومی حکمتِ عملی کا ایک ایسا باب ہے جس میں معاشی استحکام،دفاعی تحفظ اور خودمختار فیصلوں کی صلاحیت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
پاکستان اورکویت کے ممکنہ دفاعی ومعاشی تعاون کایہ پورامنظرنامہ دراصل ایک ایسے دریاکی مانندہے جس میں سفارت کاری، عسکری حکمتِ عملی، معاشی مفادات،توانائی کی ضرورتیں اورنظریاتی وابستگیاں مختلف دھاروں کی صورت میں بہہ رہی ہیں۔ان تمام قوتوں کوایک متوازن سمت دیناہی اصل امتحان ہے۔پاکستان کے لئے بنیادی چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنی قومی ترجیحات، علاقائی ذمہ داریوں اور عالمی تقاضوں کے درمیان ایساراستہ اختیار کرے جواس کے مفاد،خودمختاری اوروقار سے ہم آہنگ ہو۔
اسلامی فکرہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ طاقت کا استعمال عدل،حکمت اورذمہ داری کے تابع ہوناچاہیے، جبکہ جغرافیائی سیاست یہ تقاضا کرتی ہے کہ ریاستیں بدلتے ہوئے حالات کو حقیقت پسندانہ نگاہ سے دیکھیں اور اپنے مفادات کاتحفظ کریں۔اسی طرح عسکری حکمتِ عملی کااصول یہ ہے کہ قوت صرف اسلحے کی فراوانی میں نہیں بلکہ بروقت فیصلے،درست ترجیحات اور دانشمندانہ استعمال میں پوشیدہ ہوتی ہے۔پاکستان کے لئے کامیابی کاراستہ اسی وقت ہموارہوسکتاہے جب وہ اسلامی اصولوں،جغرافیائی حقائق اورعسکری تدبیرکو ایک متوازن حکمتِ عملی میں یکجاکرے۔
اگرپاکستان اس توازن کوقائم رکھنے میں کامیاب ہوجاتاہے تووہ نہ صرف ایک مضبوط علاقائی قوت کے طور پرابھرسکتاہے بلکہ عالمی سیاست میں بھی ایک باوقار، ذمہ داراو رمؤثر کردار اداکرنے کی صلاحیت حاصل کرسکتاہے۔ تاہم اگر طاقت کے حصول کی دوڑ میں حدسے تجاوز کیا گیا یا غیر ضروری وابستگیوں کابوجھ بڑھ گیاتو یہی مواقع پیچیدہ چیلنجزمیں تبدیل ہوسکتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کاسفر ہمیشہ دانش کے بغیر کامیابی تک نہیں پہنچتا؛بعض اوقات بے احتیاطی فتح کے راستے کو دشواریوں کے گرداب میں بدل دیتی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *