| |

کیلیفورنیا میں امریکا کا جدید ایف-35 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

سکرامنٹو: امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں جدید ترین ایف-35 بی لائٹننگ ٹو لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں طیارے کے پائلٹ نے بروقت ایجیکشن سسٹم استعمال کرتے ہوئے خوش قسمتی سے اپنی جان بچا لی۔ امریکی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکی میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ایف-35 بی طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ایئر اسٹیشن کے رن وے تک پہنچنے سے کچھ پہلے گر کر تباہ ہوا۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

فوجی حکام کے مطابق پائلٹ نے عین وقت پر طیارے کا ایجیکشن سسٹم استعمال کرکے نکلنے کی کامیاب کوشش کی اور وہ محفوظ رہا۔ اسے معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں، جسے طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔

حادثے کے بعد طیارے کے ملبے میں لگنے والی آگ اور اردگرد گھاس میں بھڑکنے والے شعلوں پر فائر فائٹرز نے بروقت قابو پا لیا۔

حکام نے تاحال حادثے کی حتمی وجہ نہیں بتائی، تاہم تکنیکی خرابی، انسانی غلطی یا دیگر ممکنہ عوامل کا مختلف زاویوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ ٹو دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جو مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور عمودی انداز میں لینڈنگ کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریباً 102 ملین ڈالر مالیت کا یہ طیارہ امریکی میرین کور کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی کی افواج بھی استعمال کرتی ہیں، اس لیے اس حادثے کو دفاعی حلقوں میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *