|

ورلڈ کپ فاتح فٹبالرز کو ٹماٹروں میں تول کر منفرد اعزاز سے نوازا گیا

اسپین کے صوبہ سیویل کے معروف شہر لوس پالاسیوس ای ویافرانکا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں قومی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے اپنے مقامی فٹبالرز فابیان روئز اور گاوی کو ایک منفرد اور یادگار انداز میں سراہا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ٹماٹروں کی پیداوار کے لیے مشہور اس شہر میں ہونے والی تقریب نے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

اس اعزازی تقریب کے دوران دونوں کھلاڑیوں کو ترازو پر کھڑا کیا گیا اور ان کے جسمانی وزن کے برابر تازہ ٹماٹر بطور تحفہ پیش کیے گئے۔

تقریب میں فابیان روئز کا وزن تقریباً 85 کلوگرام جبکہ گاوی کا 68.5 کلوگرام ریکارڈ کیا گیا، جس کے مطابق دونوں فٹبالرز کو اتنی ہی مقدار میں ٹماٹر دیے گئے۔

منتظمین کے مطابق یہ روایت شہر کی زرعی شناخت اور اپنے مقامی ہیروز سے محبت کے اظہار کی علامت ہے۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دونوں کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مقامی حکام نے اس موقع کو شہر کی تاریخ کا یادگار لمحہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ 30 سالہ فابیان روئز نے ورلڈ کپ کے دوران اسپین کی نمائندگی کرتے ہوئے 366 منٹ میدان میں گزارے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے خلاف 2-1 کی کامیابی کے دوران ٹیم کے لیے پہلا گول بھی اسکور کیا، جسے ٹورنامنٹ کے اہم لمحات میں شمار کیا گیا۔

21 سالہ گاوی نے بھی ورلڈ کپ میں اسپین کی جانب سے اہم کردار ادا کیا، جبکہ وہ اس سے قبل 2023 میں یوئیفا نیشنز لیگ جیتنے والی قومی ٹیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

تقریب کے دوران اعلان کیا گیا کہ شہر کے 2 میونسپل فٹبال گراؤنڈز کے نام فابیان روئز اور پابلو پائز گاویرا (گاوی) کے نام سے منسوب کیے جائیں گے، جبکہ 2010 کے عالمی چیمپئن خیسوس ناواس سمیت تینوں مقامی ستاروں کے اعزاز میں شہر میں ایک یادگار بھی تعمیر کی جائے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *