جرمنی میں ہنر مند افراد کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع، حکومت نے مکمل رہنمائی جاری کر دی
برلن: جرمنی نے ہنر مند اور پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر مختلف شعبوں میں غیر ملکی کارکنوں کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع فراہم کر دیے ہیں۔ جرمن حکومت نے ویزا، رہائش اور درخواست کے طریقہ کار سے متعلق مکمل رہنمائی بھی جاری کر دی ہے۔
حکام کے مطابق صحت، میڈیکل ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت، ہوٹلنگ اور ریسٹورنٹ انڈسٹری سمیت متعدد شعبوں میں اہل اور تربیت یافتہ افراد کی بھرتیاں جاری ہیں۔
صحت کے شعبے میں ڈینٹل اسسٹنٹ، میڈیکل اسسٹنٹ، ویٹرنری اسسٹنٹ، فزیوتھراپسٹ، آکوپیشنل تھراپسٹ، فارماسسٹ، ریڈیالوجی ٹیکنیشن، سرجیکل ٹیکنالوجسٹ، اینستھیزیا اسسٹنٹ، پیرا میڈیکس، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن اور پاؤں کے امراض کے ماہرین کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ڈینٹل ٹیکنیشن، ہیئرنگ ایڈ اسپیشلسٹ، آپٹیشن اور آرتھوپیڈک ٹیکنیشنز کیلئے بھی روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔
ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے میں ہوٹل مینیجرز، ریسٹورنٹ اسپیشلسٹ، کیٹرنگ ماہرین اور باورچیوں کی ضرورت برقرار ہے، جبکہ تعلیمی شعبے میں اساتذہ، سوشل ورکرز اور ایجوکیٹرز کی بھی بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔
جرمن حکام کا کہنا ہے کہ ملازمت کے خواہشمند افراد کے پاس تسلیم شدہ تعلیمی ڈگری یا پیشہ ورانہ تربیت ہونا ضروری ہے، جسے جرمنی کے قوانین کے مطابق منظور کیا جاتا ہو۔
ماہرین نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل اپنی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ قابلیت اور ویزا کی شرائط کا مکمل جائزہ لیں تاکہ ملازمت کے حصول کا عمل آسان ہو سکے۔
حکام کے مطابق مختلف پیشوں سے متعلق مزید معلومات اور درخواست کے طریقہ کار کیلئے امیدوار جرمن روزگار پورٹل سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا