ہاکی ورلڈکپ 2026: بھارت کیخلاف میچ میں پاکستان ٹیم پر دباؤ نہیں ہوگا، اسسٹنٹ کوچ عدنان ذاکر
پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ابوبکر نے کہا ہے کہ ٹیم پرولیگ میں بھارت کے خلاف دو میچز کھیل چکی ہے اور ان مقابلوں سے حاصل ہونے والے تجربے کی بنیاد پر اس بار اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے بہتر نتیجہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ 19 اگست کو ایمسٹلوین کے ویگنور ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
قومی ٹیم کے اسٹرائیکر رانا وحید نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ ہر لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق ویلز کے خلاف میچ جیتنا چاہیے تھا، تاہم نتیجہ توقعات کے مطابق نہیں آیا، لیکن ٹیم میں بھارت کو شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کوچ باب جان ویلڈف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے اور پاکستان بھرپور مقابلے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچتا ہے تو یہ ٹیم کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔
باب جان ویلڈف کے مطابق ٹیم کی اصل توجہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز پر ہے، تاہم ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینا ایک بڑی کامیابی اور سرپرائز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم اس مقابلے کے لیے حکمتِ عملی تیار کر رہی ہے، تاہم منصوبہ بندی کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو بھارت کی کمزوریوں کا اندازہ ہے اور میچ کے دوران انہی پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اسسٹنٹ کوچ عدنان ذاکر نے کہا کہ بھارت کے کوچنگ اسٹاف میں 14 افراد شامل ہیں اور ملک نے ہاکی پر نمایاں سرمایہ کاری کی ہے، اس لیے پاکستان کو بھی مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہوگا۔ تاہم ان کے مطابق بھارت کے خلاف میچ ففٹی ففٹی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کھونے کے لیے کچھ نہیں، جبکہ اصل دباؤ بھارتی ٹیم پر ہوگا۔