شرجیل میمن کی
|

شرجیل میمن کی درخواست پر کارروائی، این سی سی آئی اے نے 4 افراد کو طلب کرلیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مبینہ مہم چلانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے چار افراد کو طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے کراچی کے رہائشی سید عبداللہ، امین قریشی، بلال وارثی اور عبید قریشی کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹسز میں چاروں افراد کو جمعرات کو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر این سی سی آئی اے کے متعلقہ دفتر میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این سی سی آئی اے نے طلب کیے گئے افراد کو قومی شناختی کارڈ، متعلقہ دستاویزات اور زیرِ استعمال ڈیجیٹل ڈیوائسز بھی ہمراہ لانے کا حکم دیا ہے تاکہ سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر جاری مہم سے متعلق تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔

ذرائع کے مطابق شرجیل انعام میمن نے شکایت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے خلاف مبینہ طور پر ہتک آمیز اور من گھڑت مواد نشر اور شیئر کیا جا رہا ہے۔

شکایت کے مطابق سوشل میڈیا پر شرجیل انعام میمن کو نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس سے مبینہ طور پر جوڑنے کی کوشش کی گئی، جبکہ ان کے صاحبزادے راول شرجیل کو بھی ایک گیسٹ ہاؤس سے منسلک کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا۔

این سی سی آئی اے نے شکایت کی بنیاد پر متعلقہ افراد کو تحقیقات کے لیے طلب کرتے ہوئے مقررہ وقت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق طلبی کا مقصد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ مواد اور اس کی تیاری و تشہیر سے متعلق حقائق کا جائزہ لینا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *