سرکاری اسپتال حکومت کو نہیں چلانے چاہییں، بددعاؤں کے سوا کیا ملتا ہے؟ مصطفیٰ کمال
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت کو سرکاری اسپتال نہیں چلانے چاہییں، سرکاری اسپتالوں میں ریگولر ملازمین کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر انتظامی نظام قائم کیا جائے،ملک کا ہیلتھ بجٹ 1556 ارب روپے ہے، اس کے بدلے ہمیں بددعاؤں کے سوا ملتا ہی کیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس پمز اسپتال میں چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی زیرصدارت ہوا، جس میں پمز میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے، اسپتال کے انتظامی مسائل اور ہیلتھ کیئر ریگولیٹری نظام پر تفصیلی بحث ہوئی۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پمز میں بہت بڑا سانحہ ہوا ہے اور اسپتال پر مریضوں کا غیرمعمولی بوجھ ہے، کمیٹی کے پاس واقعے سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں، یہ صرف پمز کا نہیں بلکہ پورے ملک کے اسپتالوں کا مسئلہ ہے۔
سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ 6 جولائی کو نرسز کے ہاسٹل میں آگ لگی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر صحت کو بھی آگاہ نہیں کیا اور ہر معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، واقعے کے شواہد بھی ضائع کر دیے گئے، اب اگر کوئی ثبوت باقی نہیں تو انکوائری کیسے ہوگی؟
اجلاس میں انکشاف ہوا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران پمز اسپتال کا ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کوئی معائنہ نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پہلی چنگاری سے پورے کمرے میں آگ پھیلنے میں تقریباً 120 سیکنڈ لگے، ابتدائی طور پر انہیں بتایا گیا تھا کہ اے سی سے چنگاری گری، اسی بنیاد پر انہوں نے بیان دیا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ اے سی خراب تھا۔
قائم مقام سی ای او اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی سے پمز کی آخری انسپیکشن کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں یاد نہیں کہ آخری معائنہ کب ہوا تھا۔
کمیٹی ارکان نے ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین کے استعفے اور مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق بھی سوالات اٹھائے۔ حکام نے بتایا کہ اتھارٹی کے چیئرمین کا اپنا میڈیکل اسپتال اور کالج بھی ہے، جس پر ارکان نے اسے مفادات کا واضح ٹکراؤ قرار دیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مطالبہ کیا کہ پہلی فرصت میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو ختم کیا جائے۔
رکن کمیٹی شاہزیب درانی نے بتایا کہ پمز واقعے کے بعد انہوں نے مختلف اسپتالوں کے نظام کا جائزہ لیا، آگ لگنے کے بعد آکسیجن بند کرنے والا نظام فعال نہیں ہوا،دنیا میں ایسے حادثات ہوتے ہیں لیکن وہاں مریضوں اور بچوں کو بچانے کے اقدامات کیے جاتے ہیں، پمز کا اپنا فائر مینجمنٹ سسٹم کہاں تھا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی ایک آزاد ادارہ ہے اور حکومت کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں، اتھارٹی نے پمز کا آخری معائنہ کب کیا تھا۔
مصطفیٰ کمال نے پمز کے انتظامی ڈھانچے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں نظام گل سڑ چکا ہے اور موجودہ ڈھانچے میں کچھ ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کسی آفس بوائے تک کو ہٹانے کا اختیار نہیں، اس لیے مارکیٹ سے اہل سربراہ لایا جائے، اسے کارکردگی کی بنیاد پر تعینات کیا جائے اور سی ای او کو مکمل اختیارات دیے جائیں۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پمز آرڈیننس کے تحت باہر سے تعیناتیاں نہیں کی جا سکتیں، اس لیے بنیادی طور پر پمز میں ریڈیکل ریفارمز کی ضرورت ہے، پمز کو ایک جاگیر بنا دیا گیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ حکومت کو سرکاری اسپتال نہیں چلانے چاہییں اور ان اسپتالوں میں ریگولر ملازمین کا نظام بھی نہیں ہونا چاہیے، ان کی جانب سے کرائی گئی تحقیق کے مطابق 210 ارب روپے کے بجٹ سے ملک بھر کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر اس وقت ملک میں ایک ہزار اسپتال ہیں تو یونیورسل ہیلتھ کے اس نظام میں مزید 5 ہزار اسپتال شامل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ پمز واقعے میں معطل ہونے والے افسران کو سینیٹ کمیٹی میں طلب کیا جائے کیونکہ واقعے سے متعلق تمام معلومات ان کے پاس ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر قائم اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کو بھی کمیٹی کے سامنے بلایا جائے کیونکہ واقعے سے متعلق سب سے زیادہ معلومات اس وقت اسی انکوائری کمیٹی کے پاس ہیں۔
سی ای او اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پمز کا کوئی وزٹ نہیں کیا گیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا کام کیا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ اتھارٹی ریگولیٹری باڈی ہے اور حکومتی اسپتالوں کا دورہ نہیں کرتی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں جبکہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی سے بھی کمیٹی مطمئن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر صحت ریفارمز کے حوالے سے کمیٹی سے جو بھی تعاون چاہیں گے، انہیں فراہم کیا جائے گا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کتنے یونٹس سیل کیے گئے اور کتنے یونٹس دوبارہ کھولے گئے، اس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔
چیئرمین کمیٹی نے جنرل پبلک اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ان کے پاس جو تجاویز ہیں وہ کمیٹی کے ساتھ شیئر کریں۔