| |

امریکی حملوں کا جواب؛ ایران کا کویت میں فوجی اڈے پر میزائل حملہ، خلیج میں آئل ٹینکرز بھی نشانہ

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے کویت میں واقع امریکی فوجی اڈے کیمپ عریفجان میں نصب امریکی ہمارز میزائل سسٹمز کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی حکام نے کہا ہے کہ یہ کارروائی حالیہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ حملہ پیر کے روز کیا گیا۔ دوسری جانب امریکی اور کویتی حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، جس کے باعث حملے کی نوعیت اور اس کے ممکنہ نتائج کے بارے میں صورتحال غیر واضح ہے۔

اُدھر پاسداران انقلاب سے منسلک ایک اور خبر رساں ادارے فارس نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی ایران کے قریب سمندری حدود میں ایک یونانی آئل ٹینکر نامعلوم حملے کی زد میں آیا، جس کے بعد وہ سمندر میں رک گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں پہلے نشانہ بننے والے ایک دوسرے آئل ٹینکر کی شناخت کویتی جہاز کے طور پر کی گئی ہے، تاہم ان واقعات کی بھی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

دریں اثنا امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے دسویں روز بھی ایران میں نئی فضائی کارروائیاں کیں، جن کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مزید محدود کرنا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے قشم، بندرعباس، چابہار، کنارک اور اصفہان میں دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں، تاہم ایرانی حکام نے حملوں کے نقصانات یا جانی نقصان سے متعلق کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کیں۔

دوسری جانب ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اُردن میں تعینات امریکی فوجیوں پر حملوں کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر بھی متاثر ہوا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پینٹاگون نے زخمی اہلکاروں کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم امریکی محکمہ دفاع نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ آپریشنل سیکیورٹی کے تقاضوں کے باعث تمام معلومات فوری طور پر عوام کے سامنے نہیں لائی جاتیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *