|

عمان میں سعودی وفد اور حوثی رہنما کی اہم ملاقات، یمن تنازع کے حل پر مذاکرات

مسقط: یمن میں جاری کشیدگی کے تناظر میں حوثی تحریک کے ترجمان ترجمان محمد عبدالسلام اور سعودی عرب کے ایک وفد کے درمیان عمان کے دارالحکومت مسقط میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں یمن کے تنازع، خطے کی سلامتی اور کشیدگی میں کمی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقوں نے یمن کی صورتحال، علاقائی استحکام اور جاری تنازع کے پرامن حل کے امکانات پر گفتگو کی، اس ملاقات کا بنیادی مقصد خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے بحیرہ عرب کے قریب دو بندرگاہوں میں سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ دوسری جانب سعودی افواج نے یمن کے صوبہ حدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے تھے۔ ان حالیہ کارروائیوں کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ادھر ایران نے بھی سعودی عرب اور حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ فوجی کارروائیوں کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں، یمن کے تنازع کا فوری اور پائیدار حل ناگزیر ہے اور اس مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں۔

ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ تمام فریق مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اور پہلے سے طے شدہ روڈ میپ پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں، یہی واحد راستہ ہے جس سے یمن کے عوام کی مشکلات کم کی جا سکتی ہیں، انسانی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے اور پورے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *